نیویارک،یکم فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس ا نڈیا)امریکی وزارت خارجہ کے تقریبا 900 اہلکاروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلمان ممالک کے شہریوں اور پناہ گزینوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے ایگزیکٹو آرڈر کے خلاف اختلافی نوٹ پر دستخط کر دیے ہیں۔ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے سینیئر اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اختلافی نوٹ قائم مقام سیکریٹری آف سٹیٹ ٹام شینن کو ڈپارٹمنٹ کے 'ڈسنٹ چینل' کے ذریعے جمع کرا دیے گئے ہیں۔اختلافی نوٹ اس صورت میں جمع کرایا جاتا ہے جب اہلکاروں کو کسی پالیسی سے اختلاف ہوتا ہے۔پیر کے روز وائٹ ہاؤس کے ترجمان شون سپائسر نے کہا تھا کہ انھیں اس اختلافی نوٹ کے بارے میں علم ہے لیکن وہ تمام افسران جنھیں اعتراضات ہیں وہ یا تو اس پالیسی پر عمل کریں یا اپنا استعفیٰ جمع کرا دیں۔اس اختلافی نوٹ کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ اس نئی پالیسی سے امریکہ کا ان سات متاثرہ ملکوں سے تعلقات بگڑ جائیں گے اور امریکہ مخالف خیالات کو ہوا ملے گی۔ ساتھ ساتھ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ پالیسی غیر امتیازی سلوک اور انصاف پسندی جیسے امریکی اقدار کے منافی ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعے کے روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس کے بعد ایران، عراق، شام، یمن، سوڈان، لیبیا اور صومالیہ کے باشندوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔اس ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط سے پہلے بھی صدر ٹرمپ کے متوقع فیصلوں سیسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں بے یقینی کی کیفیت تھی کہ وہ روس کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو کم کر دیں گے۔